سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ احمد آباد میں تماشائیوں کا پریشر پاکستان پر نہیں بھارت پر ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچز جہاں بھی ہوں قومی ٹیم کو کھیلنے چاہئیں، یہ میگا ایونٹ ہے کوئی لوکل ٹورنامنٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوالیفائر جیت کر جائیں گے تو پاکستان کے پاس اعتماد زیادہ ہوگا، بھارتی شائقین مہمان نواز کی تیاری کریں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے کیوں کہ انڈیا کی کنڈیشنز پاکستان کیلئے مختلف نہیں ہوں گی۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی بیٹنگ کافی بہتر ہوئی ہے، وہ نچلے نمبروں پر آکر اچھی بیٹنگ کرسکتا ہے، میری نظر میں شاہین شاہ آفریدی مستقبل کا بہترین کرکٹر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کے وینیوز پر بلاوجہ اعتراض نہیں کرنا چاہیے، جہاں میچز شیڈولڈ ہیں وہاں کھیل لینے چاہئیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ اس سال انڈیا میں کھیلا جائے گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو ورلڈ کپ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کیا ہے۔