عید کے پہلے روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں قتل کی کئی لزرہ خیز وارداتیں ہوئی ہیں ان ہی میں سے ایک واردات میں بھائی نے بھائی اور بھتیجے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
عید کے پہلے روز پنجاب کے مختلف شہروں میں قتل کی کئی لرزہ خیز وارداتیں پیش آئی ہیں جن میں کئی افراد اپنی جانوں سے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں دشمنی نے ایک ہی خاندان کے چار چراغ گل کر دیے تو جڑاانوالہ میں خون اتنا سفید ہوگیا کہ ایک شخص نے اپنے ہی بھائی اور بھتیجے کی جانیں لے لیں۔
یہ لرزہ خیز واقعہ جڑانوالہ کے تھانہ صدر کی حدو میں پیش آیا جہاں ملزم آصف نے چھری کے وار کرکے اپنے سگے بھائی کاشف اور اس کے تین سالہ بیٹے کو قتل کر دیا۔
ملزم قتل کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جب کہ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم آصف کا اپنے بھائی مقتول کاشف سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔
ادھر چشتیاں کے تھانہ صدر کے علاقے میں دو گروپوں میں جھگڑا ہوا جس میں دو افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں بہن سے عید مل کر گھر واپس آنے والے دو بھائیوں کی فیمیلز پر دشمنی کے نتیجے میں گولیاں برسا دی گئی تھیں جس کے نتیجے میں دو کمسن بچوں سمیت چار افراد جاں بحق اور خواتین سمیت تین زخمی ہوگئے تھے۔