آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر میں اسکاٹ لینڈ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 2 بار کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو پہلی بار ورلڈکپ سے ہی باہر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیے آج کا دن سیاہ ترین ثابت ہوا۔ سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم میگا ایونٹ کےلیے کوالیفائی ہی نہ کر سکی۔
ہرارے میں کھیلے گئے اہم میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسکاٹ لینڈ نے 182 رنز کا ہدف 39گیند پہلے ہی پورا کر لیا۔
اسکاٹش ٹیم کی جانب سے میتھیوکراس اور بینڈن میک مُلن نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز کو زمبابوے اور نیدرلینڈز نے بھی ہرایا تھا۔
زمبابوے نے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے ورلڈکپ میں جانے کے امکانات کو زندہ رکھا۔ سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم نے زبردست کامیابی سمیٹ کر ورلڈکپ کے لیے ایک اور قدم بڑھا لیا۔