امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا مغرب میں کینسر کی طرح پھیل رہا ہے، سویڈن کے سفیرکےسامنے حکومت احتجاج ریکارڈ کرائے۔
یہ بات انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ سوئیڈن میں قرآن کریم کی بےحرمتی کے واقعے پرانتہائی دکھ ہوا ہے، اس ناپاک جسارت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت سوئیڈن کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرائے،
اور مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوئیڈن یا یورپ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، افسوسناک بات یہ ہے کہ اسٹاک ہوم پولیس نے بےحرمتی کی اجازت دی، مسلم حکمران ان حرکتوں پر جاندار موقف اپنانے میں ناکام رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا بھر میں 2 ارب مسلمان ہیں اور 58اسلامی ممالک کی ایک طاقت مؤثر ہے، شعائر اسلامی کی توہین سے2 ارب مسلمانوں کے دل زخمی ہوتے ہیں،حکمرانوں کا نرم رویہ امت کے جذبات کی درست ترجمانی نہیں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا مغرب میں کینسر کی طرح پھیل رہا ہے، مسلم دنیا مل کر مربوط لائحہ عمل تشکیل دے۔