ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جائے جانے والے ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

لاہور: ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جائے جانے والے ملزمان پولیس مقابلوں کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور میں دو مختلف واقعات میں گرفتار ملزمان کو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جاتے ہوئے ہلاک ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں صدر انویسٹیگیشن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں زیر حراست ملزمان شاہد علی اور ابرار کو دیگر ساتھیوں کی گولیاں لگیں، جس سے شاہد علی ہلاک اور ابرار شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس نے چھاپا مارا تھا، تاہم ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزم قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان نے گزشتہ روز انویسٹی گیشن چوہنگ میں تعینات کانسٹیبل ندیم کو زخمی کیا تھا، ملزمان کے مفرور ساتھیوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے، اور مزید نفری بھی طلب کی گئی ہے۔

دوسرے واقعے میں لاہور کے علاقے آشیانہ روڈ پر نشتر کالونی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوام جس سے زیر حراست ملزم حماد عرف شمشاد ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ حماد عرف شمشاد کے 5 ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کی تھی، ملزم کو مقدمہ قتل میں دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

ہلاک ہونے والا ملزم قتل اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، ملزم کے مفرور ساتھیوں کی تلاش کے لیے پولیس نے ناکہ بندی بھی کی۔

مانگا منڈی مقابلے میں ہلاک ملزم کی واردات کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے، 3 ڈاکوؤں نے کوٹ رادھا کشن میں واقع گودام میں واردات کی تھی، ڈاکو واردات کے بعد مانگا منڈی سے گزر رہے تھے کہ پولیس نے 2 ڈاکو شاہد علی اور ابرار کو پکڑ لیا، تیسرا ساتھی بھاگ نکلا۔