’پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے لابنگ کی‘

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا ہے لیکن پی ٹی آئی نے اس معاہدے کا ناکام بنانے کے لیے لابنگ کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا ہے جس سے ملکی معیشت بہتر ہوگی لیکن آئی ایم ایف معاہدے کو ناکام کرنے کیلیے پی ٹی آئی نے لابنگ کی، امریکا کے دروازے بھی کھٹکھٹائے تاہم اس کا منفی پروپیگنڈا ناکام ہوا اور پاکستان اس میں سرخرو ہوا۔

احسن اقبال نے کہا کہ کسی جماعت نے سیاسی مخالفت کو ریاستی مخالفت میں تبدیل نہیں کیا لیکن تحریک انصاف نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ مہم چلائی گئی کہ کسی طرح آئی ایم ایف پروگرام کو روک سکیں، اس مہم کے پیچھے بیرونی عناصر نہیں بلکہ پاکستان کے ہی لوگ تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کا روپیہ مستحکم ہوگا، ٹیکس دینا ضروری ہے کیونکہ اگر ٹیکس نہیں دیں گے تو ریاست کو کشکول لے کر بھیک مانگنی پڑے گی، ہمارے یہاں بدقسمتی سے ٹیکس چوری کی سزا ان کو ملتی ہے جو ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ 2018 میں پاکستان کا مستقبل چھینا گیا اور نواز شریف کو ایک سازش کے تحت سیاست سے الگ کیا گیا۔ آج پاکستان میں جو بھی انفرا اسٹرکچر ہے وہ ن لیگ دور میں بنا تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب مالیت کا اسٹاف لیول معاہدہ ہوا ہے اور معاہدے پر دستخط بھی ہوگئے ہیں۔