وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ لگتا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان نے میئر کا انتخاب ہارنے کے بعد طوطا فال نکالنے کا کام شروع کیا ہے، طوطا بھی ان کی طرح ناشتے میں کڑوے کریلے کھا کر زہریلی پیشگوئیاں کروا رہا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس طوطے نے حافظ نعیم کو میئر بننے کی فال غلط نکال کر دی، اب بلاول بھٹو زرداری کے وزیر اعظم نہ بننے کی فال بھی غلط نکالی، وہ وزیر اعظم بنیں گے اور ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میئرشپ ہارنے کے بعد ان کے اعصاب پر خراب اثر پڑا ہے، حافظ نعیم کو فال نکالنے کا کام چھوڑ کر کچھ دن آرام کرنا چاہیے۔
قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عیدالاضحیٰ میں صفائی ستھرائی کے عمل میں رکاوٹیں تھیں، حکومت نے یہ تین دن کراچی والوں کیلیے عذاب بنا دیے، سندھ میں تمام اختیارات پیپلز پارٹی نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو چاہیے بلدیاتی اختیارات میئر کو منتقل کرے، عید کے 3 دنوں میں بھی شہر میں وارداتیں ہوئیں، شہر میں منشیات کے تمام اڈے پولیس کی سرپرستی میں چل رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب تصویریں بنوانا چھوڑیں کام پر توجہ دیں، جماعت اسلامی اپوزیشن میں رہ کر عوام کی خدمت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہو اب بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم نہیں بن سکتا۔