کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ بہنوں اور بیٹیوں کا ساتھ جانا دنیا میں اچھا جانا جاتا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اب تک اپنے اخراجات خود برداشت کرتے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ اگر بہن اپنے اخراجات پر ساتھ گئی ہیں تو آپ کو پریشانی کیوں ہے؟
انہوں نے سوال کیا کہ آپ بتائیں زکوٰۃ، خیرات، فطرے کی مد میں ملنے والا پیسہ الیکشن مہم پر لگانا جائز ہے؟ قوم کو یہ بھی بتائیں کہ جماعت اسلامی سے آپ کو کتنی تنخواہ، مراعات ملتی ہیں؟
میئر نا بننے کا صدمہ بہت گہرا ہے، ذہن نے کام تک چھوڑ دیا ہے۔ بہنوں اور بیٹیوں کا ساتھ جانا دنیا میں اچھا جانا جاتا ہے۔ چیئرمین بلاول جو ملک کے وزیر خارجہ ہیں وہ تک اپنے اخراجات خود برداشت کرتے ہیں اگر بہن اپنے اخراجات پر ساتھ گئی ہیں تو آپکو پریشانی کیوں ہے ؟
1/2 https://t.co/LAej088OKX— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) July 3, 2023
سعید غنی نے کہا کہ حافظ صاحب کا میئر نہ بننے کا صدمہ بہت گہرا ہے، لگتا ہے اس صدمے سے ان کے ذہن نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے لیکن آپ کی تکلیف جاتے جاتے وقت لگے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بلاول بھٹو کے دورے سے متعلق اخراجات پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔