شارٹ فال ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ سے متجاوز، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار500 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا، اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 500 میگاواٹ جب کہ طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے، ملک میں 6 سے 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار500 میگاواٹ سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، ذرائع پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار21 ہزار 500 میگاواٹ ہے جب کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 27 ہزارمیگاواٹ ہو چکی ہے۔

ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق شارٹ فال کے باعث 6 سے 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے، ہائی لاسز اور بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔

پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار 373 میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 772 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 10 ہزار136 میگاواٹ کے قریب ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 576 میگاواٹ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سولر بجلی گھروں کی پیداوار 115 میگا واٹ جبکہ بگاس سے 136 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے، نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار3 ہزار35 میگاواٹ ہے۔