اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کیلئے بجلی ایک روپے چوالیس پیسے مہنگی کردی ، بجلی صارفین کو آئندہ ماہ ادائیگیاں کرنا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک اور سی پی پی اے کی بجلی مہنگی کرنے کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے بعد نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی ایک روپے چوالیس پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جبکہ کے الیکٹرک نے ایک روپے انچاس پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔
اضافے کا کے الیکٹرک صارفین پر دو ارب انہتر کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا اور کراچی کے بجلی صارفین کو آئندہ ماہ ادائیگیاں کرنا ہوں۔
نیپرا نے کراچی کے سوا باقی ملک کیلئے بجلی ایک روپے نوے پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی، اضافے کا بجلی صارفین پر بائیس ارب ساٹھ کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں دو روپے پانچ پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا تاہم نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافے کا الگ الگ فیصلہ اور نوٹفیکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا اور صارفین سے اضافی وصولیاں جولائی کے بجلی بلوں میں کی جائیں گی۔