کے الیکٹرک دفتر کے چکر کاٹنے کے بعد خاتون انصاف کے لیے عدالت پہنچ گئی

کراچی: خاتون شہری کے الیکٹرک کے دفتر کے چکر کاٹ کاٹ کر تنگ آگئی پر اوور بلنگ کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، وفاقی محتسب کے دفتر میں بھی کام نہ بنا، خاتون نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خاتون شہری نے اوور بلنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کے الیکٹرک کے دفتر کے کئی چکر لگائے پر اس کی شنوائی نہیں ہوئی، جس کے بعد وفاقی محتسب کے دفتر بھی گئی مگر وہاں بھی کام نہ بنا تو خاتوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

عدالت میں درخواست گزار شمیم اختر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کالائسنس منسوخ ہونا چاہیے، انھوں نے زندگی اجیرن کر دی ہے، درخواست کے مطابق اوور بلنگ کو ٹھیک کر کے رقم واپس دلوائی جائے، بہار کالونی لیاری میں 60 گز کا گھر ہے مگر 18 ہزار روپے کا بل بھیج دیا جاتا ہے۔

عدالت نے نیپرا، کے الیکٹرک سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں، عدالت کی جانب سے تمام فریقین سے 7 اگست کو ہونے والی آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں لوڈ شیڈنگ زوروں پر ہے مگر اس کے باوجود بجلی کے بل اس قدر زیادہ آتے ہیں کہ شہریوں کو اسے جمع کراتے ہوئے دن میں تارے نظر آجاتے ہیں، شدید گرمی میں بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔