بھارت بھی پاکستان کے نقش قدم پر چلنے لگا!

بھارت بھی پاکستان کے نقش قدم پر چلنے لگا ہے اور روایتی حریف کی طرح روسی تیل کی ادائیگی چینی کرنسی یو آن میں کرنا شروع کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین میں جاری روس کی فوجی مہم نے برآمدات کے لیے عالمی تجارتی رجحان کو تبدیل کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار بن کر ابھرا ہے یہاں تک کہ وہ مغربی پابندیاں نظر انداز کر کے اپنے حریف ملک چین کی کرنسی میں بھی ادائیگی کے لیے تیار ہوگیا ہے۔

گزشتہ دنوں پاکستان نے روس کو تیل کی ادائیگی اپنے دیرینہ دوست ملک چین کی کرنسی یو آن میں کی تھی جس کی دیکھا دیکھی اب بھارتی ریفائنرز نے روس سے تیل کی درآمدات کے لیے چینی یو آن میں ادائیگی شروع کر دی ہے۔

واضح رہے مغربی ممالک کی جانب سے روس پر عائد کردہ پابندیوں کے جواب میں روس نے تیل خریدنے والے ممالک سے ادائیگیوں کی غرض سے ڈالر کی بجائے دوست ممالک کی کرنسیوں میں ادائیگیاں لینے کا فیصلہ کیا تھا۔