لاہور کے علاقے بوستان کالونی میں بارش کے پانی میں کرکٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بجلی کی تار گلی میں جمع بارش کے پانی میں گری تھی، گلی میں موجود دو موٹر سائیکل سوار کرنٹ سے متاثر ہوئے، ایک موٹر سائیکل سوار محفوظ رہا جبکہ 25 سالہ عثمان دم توڑ گیا۔
عثمان کی لاش ایک گھنٹے سے زائد وقت تک پانی میں پڑی رہی، اہل علاقہ نے ریسکیو، پولیس اور واپڈا کو متعدد کالز کیں لیکن کوئی نہیں آیا۔
بعدازاں اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش نکالنے کی کوشش کی، ریسکیو ٹیم کی جانب سے بعد میں لاش کو جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں موسلادھار بارشوں سے 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
لاہورمیں آج ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
مصری شاہ میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔ چونگی امرسدھو میں بجلی کا تارپانی میں گرنے کے بعد کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوا۔
ادھر باغبان پورہ میں کھمبے میں کرنٹ آنے سے نوجوان احتشام جاں بحق ہوا، ہنجروال میں بھی گیارہ سالہ بچہ پانی میں کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔