’عذرا اور فرحت بجلی کے بل پر لڑ پڑیں‘

بے بی باجی

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ میں عذرا اور فرحت بجلی کے بل پر لڑ پڑیں۔

ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ میں سینئر اداکارہ ثمینہ احمد (بے بی باجی)، سعود قاسمی (جمال)، جویریہ سعود (عذرا)، حسن احمد (نصیر)، سنیتا مارشل (اسما)، جنید جمشید نیازی (واصف)، سیدہ طوبیٰ انور (فرحت)، فضل حسین (ولید)، عینا آصف (سمن)، فائزہ خان (رامین) ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

ڈرامے کی کہانی منصور احمد خان نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض تحسین خان نے انجام دیے ہیں۔

گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ ’بجلی کا بل زیادہ آنے پر عذرا اور فرحت کی لڑائی ہوگی۔‘

عذرا آتی ہیں اور ساس سے کہتی ہیں کہ ’امی یہ بجلی کا بل دیکھا ہے ڈبل آیا ہے۔‘ بے بی باجی پوچھتی ہیں کہ ’کیوں۔؟‘

عذرا کہتی ہیں کہ ’اس (فرحت) کی وجہ سے اور کیوں سارا وقت اس کے کمرے کا اے سی چلتا رہتا ہے پتا نہیں ایسا لگتا ہے کہ کسی برفانی علاقے سے آئی ہے برفانی ریچھ اسے ہر وقت ٹھنڈک چاہیے ہوتی ہے، بل تو جمال دیتا ہے اس کا شوہر تھوڑی دیتا ہے جو اس کو احساس ہو۔‘

فرحت کہتی ہیں کہ ’میرے کمرے کا اے سی تو صرف رات میں چلتا ہے، آپ کے کمرے کا اے سی پورا دن چلتا ہے، صبح، رات دیکھو تو اے سی چل رہا ہوتا ہے، اگر جمال بھائی بل کے پیسے دے بھی رہے ہیں تو اس میں کوئی قباحت کی بات نہیں ہے۔‘

عذرا کہتی ہیں کہ ’اچھا یہ بتاؤ بی بی، ہم تو تمہارے آنے سے پہلے بھی اسی گھر میں رہ رہے تھے پہلے تو کبھی اتنا بل نہیں آیا جتنا ابھی آیا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ تم ہی اے سی زیادہ استعمال کررہی ہو۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’امی دیکھ رہی ہیں آپ کی نئی نویلی بہو کی کیسی زبان چل رہی ہے اپنی غلطی نہیں مان رہی اوپر سے بحث کررہی ہے، تمہارا میاں کیا کرتا ہے اسے بھی چاہیے کہ کمانے لگا ہے تو اس گھر کا خرچہ دے۔‘

فرحت کہتی ہیں کہ ’اسما بھابھی کی طبیعت خراب ہوئی تو ہم نے تو نصیر بھائی سے پیسے نہیں مانگے البتہ ابو کی طبیعت خراب ہوئی تو آپ پیسے مانگنے آگئیں، آپ کو مل تو گئے تیس ہزار روپے پھر کس چیز کا ڈھنڈوڑا پیٹ رہی ہیں۔‘

عذرا یہ سن کر خاموش ہوجاتی ہیں کیونکہ گھر کے کسی فرد کو علم نہیں ہوتا کہ انہوں نے سسر کے علاج کے لیے واصف سے پیسے مانگے ہیں۔

بے بی باجی کہتی ہیں کہ ’تم نے عذرا واصف سے پیسے لیے تھے۔‘ عذرا کہتی ہیں کہ ’اگر واصف نے پیسے دے بھی دیے تھے تو کوئی احسان نہیں کیا وہ صدیوں سے اس گھر کی مفت کی کمائی کھا رہا ہے۔

عذرا بل فرحت کو پھینک کر دیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ میرا میاں یہ بل نہیں بھرے گا، واصف کو کہہ دینا اپنی ذمہ داریاں اٹھائے۔‘

کیا بے بی باجی بڑے بیٹے جمال اور بہو عذرا کو الگ کردیں گی؟ کیا واصف بھائی کو الگ ہونے سے روک پائیں گے؟ یہ جاننے کے لیے اگلی قسط دیکھیں۔