رنویر سنگھ کے فلمی ڈائیلاگ پر گوگل کا ردعمل آگیا

رنویر سنگھ کے فلمی ڈائیلاگ پر گوگل کا ردعمل آگیا

ممبئی: معروف بالی وڈ اسٹارز عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے ٹریلر پر سرچ انجن گوگل کا بھی ردعمل آگیا۔

کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے اور ایسے میں گوگل کے ردعمل نے مزید صارفین کو تبصرہ کرنے کی دعوت دے دی۔

ٹریلر میں رنویر سنگھ کو ایک موقع پر یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’گوگل کے چیتھڑے نہیں پھاڑ دیے نا، میرا نام بھی راکی رندھاوا نہیں ہے۔‘

اس پر گوگل انڈیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مذکورہ ڈائیلاگ کا اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’یہ رنویر سنگھ پر ہے۔‘

مذکورہ ٹویٹ نے صارفین کے مضحکہ خیز تبصروں کا ایک سلسلہ شروع کروا دیا۔

ایک نے لکھا ’گوگل اور رنویر کا ٹکراؤ کہاں ہوگا، میں ٹکٹ خریدنے کیلیے تیار ہوں۔‘ جبکہ دوسرے کا کہنا تھا کہ کیا ہم محبت کرنے والوں کے دشمن ہیں؟

’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی ہدایتکاری کے ساتھ ہی کرن جوہر کے انڈسٹری میں 25 سال مکمل ہوگئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں کُل 7 فلموں کی ہدایتکاری کی جن میں ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی الوداع نہ کہنا‘، ’مائی نیم از خان‘، ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ شامل ہیں۔

فلم 28 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔