پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر وکپتان یونس خان بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ان کی بولنگ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون بیٹنگ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان یونس خان نے اپنی بیٹنگ سے ساری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا لیکن ان دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک گھر کے لان میں اپنا ہنر بولنگ کے ذریعے آزما رہے ہیں جب کہ ان کی بولنگ پر شلوار قمیض پہنی ایک خاتون زبردست بیٹنگ کر رہی ہیں۔
یہ خاتون سمارا افضل ہیں جس میں وہ اپنے گھر کے لان اور صحن میں یونس خان کی بولنگ پر بیٹنگ کر رہی ہیں جب کہ پچ نصف گھاس والی اور نصف پختہ ٹائلز والی ہے اردگرد فیلڈنگ کے لیے دیگر لوگ بھی کھڑے ہیں۔
فرصت کے لمحات میں یہ دلچسپ ویڈیو برطانیہ کے شہر برمنگھم کی ہے جہاں یونس خان اپنے ذاتی دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یونس خان بولنگ کراتے ہیں جب کہ سمارا افضل اس پر شاٹس مارتی ہیں۔
سمارا افضل پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر اور انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب وارک شائر کی سابق کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے یہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ ’’عظیم کرکٹرز میں سے ایک کے خلاف گھر کے لان میں شلوار قمیض پہن کر کرکٹ کھیلنا ہی خواب ہے۔ یونس خان بہت ہی عاجز اور معزز انسان ہیں۔‘‘
Playing cricket in the garden in my salwar kameez with one of the greatest cricketers the sport has produced is what dreams are made of! Such a humble and respectful human being is @YounusK75 #Cricket 💚 pic.twitter.com/X3DjOKqIJv
— Dr Samara Afzal (@SamaraAfzal) July 3, 2023
مذکورہ ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین بے حد سراہ رہے ہیں اور اب تک لاکھوں افراد اس کو دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ایک صارف لقمان آدیز نے سمارا کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’واہ، آپ تو باقاعدہ ایک بیٹر کی طرح کھیل رہی ہیں، وقت آگیا ہے کہ امام الحق کی جگہ ٹیم میں آپ کھیلیں۔‘، ایک اور صارف بہرام قاضی نے بھی خاتون کی بیٹنگ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے لکھا کہ بہت اچھا ٹائم کیا، یونس بھائی نے ٹیسٹ کرکٹ میں کچھ وکٹیں حاصل کر رکھ ہیں لہذا آپ کی بیٹنگ پر خود کو داد دے سکتی ہیں۔
ایک اور صارف مجاہد احمد نے لکھا کہ آپ نے غلط فیلڈ کا انتخاب کیا ہے۔
واضح رہے کہ یونس خان نے پاکستان کی جانب سے 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے واحد پاکستانی بیٹر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 118 ٹیسٹ، 265 ون ڈے اور 25 ٹی 20 میچز کھیل رکھے ہیں جس میں بالترتیب 10099، 7294 اور 442 رنز اسکور کر رکھے ہیں۔
یونس خان کا ایک بڑا کارنامہ اپنی زیر قیادت پاکستان کو ٹی 20 کا عالمی چیمپئن بنانا ہے۔