اسلام آباد: سوئیڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف مذمتی قرارداد ایوان سے منظور کرلی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ ایوان سوئیڈن میں قرآن کی بیحرمتی کی شدید مذمت کرتا ہے، ایوان تمام مذاہب کی تکریم اور الہامی کتابوں پر یقین رکھتا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان سوئیڈش حکام سے واقعے کے خلاف کارروائی پر زور دیتا ہے، توقع ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 25 جولائی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی ناقابل برداشت حرکت دوبارہ ہوئی تو پھر کوئی ہم سے گلہ نہ کرے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سویڈن میں قبیح حرکت کی پوری قوت سے مذمت کریں گے، سویڈن واقعے کے خلاف مؤثر انداز سے قرار داد منظور کی جائے، کمیٹی بنائی جائے جو دنیا بھر کے فورمز میں سفارشات پہنچائے۔
ان کا کہنا تھا ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں لیکن اسلامو فوبیا اور اسلام کے خلاف آگ بڑھتی جا رہی ہے، سویڈن واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس واقعے پر اربوں مسلمانوں کے دل دکھی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا صبر و تحمل کا مطلب یہ نہیں کہ ہمیں اس کا جواب دینا نہیں آتا، کل نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں یکجہتی کا اظہار کریں گے، سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل کر ریلیاں نکالنی چاہئیں، دنیا کو بتایا جائے کہ یہ ناقابل برداشت حرکت دوبارہ ہوئی تو ہم سےکوئی گلہ نہ کرے۔