بھارت میں پولیس اہلکار خاتون کو کارکے بونٹ پر گھسیٹتے ہوئے لے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع نرسنگھ پور میں پولیس اہلکاروں نے خاتون کو اپنی کار کے بونٹ پر آدھا کلو میٹر تک گھسیٹا جب خاتون نے بیٹے کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ہونے سے بچانے کی کوشش کی۔
افسوسناک واقعہ تین جولائی کو پیش آیا جب مدھیہ پردیش پولیس کی ٹیم نے خاتون کے بیٹے سونو کہار اور ایک مشتبہ منشیات فروش کو گھر سے گرفتار کیا۔
سونو کہار کی والدہ موہنی کہار بیٹے کو بچانے کے لیے پہنچیں اور پولیس سے اسے رہا کرنے کی اپیل کی۔
بیٹے کو رہا نہ کرنے پر موہنی کہار گاڑی کے بونٹ پر بیٹھ گئیں اور اہلکاروں کی کوششوں کے باوجود اترنے سے انکار کردیا۔
बेटे को छुड़ाने के लिए कार के बोनट में लटकी महिला को घसीटा, मध्य प्रदेश के नरसिंहपुर में पुलिस का यही है चेहरा pic.twitter.com/rg11Jsbcai
— Priya singh (@priyarajputlive) July 4, 2023
خاتون کے بونٹ سے نہ اترنے پر پولیس اہلکار 500 میٹر سے زائد تک گاڑی چلاتے رہے اور جب تب وہ تھانے نہ پہنچے موہنی کہار بونٹ پر بیٹھی رہیں۔
واقعہ کیمرے میں محفوظ ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کار کے بونٹ پر بیٹھی ہوئی ہیں اور پولیس اہلکار گاڑی چلا رہے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
ایس پی امیت کمار کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ایس پی کی رپورٹ کے بعد تینوں پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف محکمانہ انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔