سرکاری ملازمین کو اکسانے کا کیس : فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھرمؤخر

فواد چوہدری

اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سرکاری ملازمین کواکسانے کے کیس میں سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھرموخر کردی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق پی ٹی آئی رہنما فوادچوہدری کےخلاف سرکاری ملازمین کواکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے درخواست پر سماعت کی۔

فوادچوہدری کی جانب سے کیس کےدستاویزمہیاکرنےکی درخواست دائر کی گئی، وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ آج عدالت میں 265 سی کی درخواست دائر کر رہےہیں،ہمیں تاحال کیس کی مکمل دستاویزفراہم نہیں کی گئی، کیس کی مکمل دستاویزات کی فراہمی ملزم کا حق ہوتاہے۔

جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کیا آپ کو 265 سی کی درخواست پرکوئی اعتراض ہے، جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ہمارے پاس اس وقت کیس کی فائل موجودنہیں ، کیس کی فائل دیکھ کر ہی کوئی بیان دےسکتاہوں۔

وکیل نے استدعا کی اگلی سماعت کی کوئی لمبی تاریخ دےدیں،10 محرم کےبعدکی تاریخ دےدیں، جس پر ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے فوادچوہدری کے خلاف فردجرم کی کارروائی ایک بار پھرموخر کرتے ہوئے درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے فوادچوہدری کی265 سی کی درخواست پر 14 جولائی کو دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔