میکسیکو: خلیج میکسیکو میں تیل کے پلیٹ فارم میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث کم از کم 2 افراد ہلاک اور ایک لا پتا ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے تیل کے پلیٹ فارم میں آگ لگنے کی وجہ سے دو مزدور ہلاک اور ایک لا پتا ہو گیا ہے، آتش زدگی کی وجہ سے پیداوار بھی متاثر ہو گئی ہے۔
آگ لگنے کا واقعہ جمعہ کے روز صبح سویرے پیش آیا، یہ آئل پلیٹ فارم سرکاری تیل کمپنی پیمیکس چلا رہی تھی، ٹوئٹر پر ایک بیان میں کمپنی نے کہا کہ حادثے میں 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
BREAKING: Massive fire on an oil rig in the Gulf of Mexico. It is reported Pemex the Nohoch Alfa (oil platform) burst into flames; six workers injured, seven are missing. pic.twitter.com/fkz50HbClx
— Insider Times (@Insider_Times) July 7, 2023
کمپنی کے مطابق پلیٹ فارم پر آگے تیل کی پیداوار کو بڑا نقصان پہنچا ہے، سوشل میڈیا پر آتش زدگی کی ایک ویڈیو بھی زیر گردش ہے جس میں پلیٹ فارم کو خوف ناک شعلوں میں پوری طرح گھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
پیمیکس کے مطابق حادثے کے وقت 328 میں سے تقریباً 321 کارکنان کو پلیٹ فارم سے بہ حفاظت نکال لیا گیا تھا، جب کہ آگ بھجانے کے لیے 4 کشتیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ کمپنی کے ڈائرکٹر کا کہنا تھا کہ مرنے والے مزدوروں کا تعلق پلیٹ فارم پر کام کرنے والی ایک اور کمپنی سے تھا۔
رپورٹس کے مطابق آئل پلیٹ فارم کا وہ حصہ جہاں آگ لگی تھی مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جب کہ پیمیکس مپنی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آگ کس وجہ سے لگی۔