پنجاب میں شرپسندوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کا فیصلہ

پنجاب میں شرپسندوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کا فیصلہ

لاہور: پنجاب بھر میں شرپسندوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی جبکہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات کو بھی فائنل کیا گیا۔

اجلاس میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا جبکہ اس میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی۔

فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں شرپسندوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کو آپریشن کی ہدایات جاری کی گئیں۔

علاوہ ازیں پنجاب بھر میں سرچ اینڈ سویپ اور کومبنگ آپریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کے تحت صوبے بھر میں 280 ہاٹ اسپاٹ کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ محرم الحرام میں تمام اداروں کو الرٹ کر دیا ہے، دریائے چناب اور منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مانیٹرنگ کا حکم بھی جاری کر دیا ہے، ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلیے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔