کاجول نے یوٹرن لے لیا!

 اداکارہ کاجول حال ہی میں بھارتی سیاستدانوں کے حوالے سے متنازع بیان پر شدید تنقید کی زد میں آگئیں جس کے بعد انہیں اپنے موقف سے یوٹرن لینا پڑا۔

اداکارہ کاجول کا شمار بھارت کی چوٹی کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو بالی ووڈ میں 30 سال سے زائد کا عرصہ گزارنے کے باوجود مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

کاجول جو ان دنوں اپنی آنے والی کورٹ روم ویب ڈراما سیریز ’دی ٹرائل – پیار، قانون، دھوکہ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ اسی حوالے سے ایک پروموشن پروگرام میں انہوں نے بھارتی سیاستدانوں کو جاہل اور ملک کی ترقی میں رکاوٹ قرار دیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم پر حکمرانی کرنے والے بہت سارے سیاستدان ان پڑھ ہیں، تعلیم کی کمی ہونے کے سبب ان میں وہ شعور اور سمجھ ہی نہیں جو ایک تعلیم یافتہ شخص میں ہوتا ہے جب کہ ہمارے ملک میں جدت نہ آنے کی وجہ عوام ہے جو اپنی روایات اور نظریات پر ڈٹی ہوئی ہے۔

کاجول کے انٹرویو کا یہ کلپ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور انہیں صارفین کی جانب سے شدید تنقید کانشانہ بنایا گیا جس کے بعد اداکارہ نے اپنے موقف سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں تعلیم اور اس کی اہمیت کے حوالے سے بات کرنا چاہ رہی تھی، میرا ارادہ کسی بھی سیاستدان کو نیچا دکھانا ہرگز نہیں تھا، ہمارے پاس ایسے متعدد سیاستدان ہیں جو ملک کو درست راہ پر لے کر چل رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ مذکورہ ویب سیریز کی پہلی قسط رواں ماہ 14 جولائی کو ریلیز ہوگی۔