ٹوئٹر انتظامیہ گلگت بلتستان کو جموں کشمیر کا حصہ ظاہر کرنے لگی

گلگت

اسلام آباد: ٹوئٹر انتظامیہ گلگت بلتستان کو بھارتی زیر قبضہ جموں کشمیر کا حصہ ظاہر کرنے لگی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گلگت بلتستان سے کی جانے والی ٹوئٹس مقبوضہ کشمیر کی ظاہر کی جارہی ہیں، گلگت بلتستان میں حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ تک رسائی بھی ختم کردی گئی ہے۔

گلگت میں موجود صارفین کی لوکیشن بھارتی زیر قبضہ جموں کشمیر دکھائی جارہی ہے۔

یہ مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب گلگت بلتستان میں متعدد ٹوئٹر صارفین نے شکایت کی کہ وہ حکومت کے آفیشل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے۔

صارفین نے جب حکومت کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی تو ایک پیغام نمودار ہوا جس میں کہا گیا کہ ’قانونی مطالبے کے جواب میں بھارت میں یہ اکاؤنٹ بند کیا گیا ہے‘۔

بھارت میں مارچ 2023 سے حکومت کے سرکاری اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے، 2022 میں اکاؤنٹ کو ’قانونی شکایات‘ پر دو بار بند کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جون 2022 میں ٹوئٹر نے پاکستان میں اقوام متحدہ، ترکی، ایران اور مصر اور ریڈیو پاکستان سمیت متعدد پاکستانی اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی تھی۔