وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مریم نوازسمیت ہماری بہوبیٹیوں کو ناحق جیلوں میں قیدکیا گیا لیکن اللہ کا شکر ہے جس نے نوازشریف سمیت ہمیں ہر امتحان میں سرخرو کیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں برطانوی عدالتوں کےفیصلوں میں جھوٹ کے سوداگروں کے ہر سوال کا جواب موجود ہے تازہ ترین مثال احتساب عدالت لاہور کا پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کا فیصلہ ہے جس میں واضح لکھا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنے۔
اللہ کا شکر ہے جس نے قائد محمد نوازشریف سمیت ہمیں بطور جماعت سیاسی انتقام میں اندھے سیاسی مخالف ٹولے کے ہر جھوٹ، بے بنیاد مقدمات اور عوام کی خدمت کے ہر امتحان میں سرخرو فرمایا۔
پاکستان ہی نہیں نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانیہ کی عدالتوں کے فیصلوں میں جھوٹ کے سوداگروں کے ہر سوال… https://t.co/A4InKeJxCA
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 10, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ اس جھوٹ کو ریفرنس کا نام دینے والے گناہ گاروں کو اللہ اور عوام سےمعافی مانگنی چاہیے مریم نواز سمیت ہماری بہوبیٹیوں کو ناحق جیلوں میں قید کیا گیا، چادر چاردیواری کی حرمت پامال ہوئی، 15کلوہیروئن کے جعلی مقدمے بنائےگئے اللہ کی قسمیں کھا کر سیاہ جھوٹ بولے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9مئی کا فائدہ صرف پاکستان دشمنوں کو ہوا عدالتوں کا سامنا کرنے کی جرات نہ رکھنے والے نے منصوبہ بندی سے یوم سیاہ کرایا، پاکستان میں خانہ جنگی کی مذموم سازش کی گئی جواللہ تعالیٰ کےفضل و کرم سے ناکام ہوگئی، لاتعداد ویڈیوز اور ناقابل تردید شواہد کی موجودگی جھوٹ پر مبنی ہر ٹوئٹ پر بھاری ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پیٹرول بم، شہدا کی یادگاریں، ریڈیو پاکستان کی خاکستر عمارت ہر جھوٹے کو جھوٹا ثابت کرنے کیلئے کافی ہیں اگر ہاتھ صاف ہوتے تو فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی خبر کو برطانیہ کی عدالت میں چیلنج کرتے، میں نے ڈیلی میل کےجھوٹ کوبےنقاب کیاتھالیکن اس کیلئے سچائی، ثبوت اور دلیری درکار ہے۔