’الیکشن اکتوبر، نومبر میں ہوں گے یا پھر نہیں ہوں گے‘

الیکشن کیلیے فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، نگراں حکومت

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ وسابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن اکتوبر، نومبر میں ہوں گے یا پھر نہیں ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے ملکی سیاسی صورتحال پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آئین اور قانون کے تحت اسمبلیاں ٹوٹنے میں صرف چار ہفتے باقی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا ساری قوم کو ابھی تک انتظار ہے۔ لوگ سوچ رہے ہیں کہ پاکستان میں الیکشن وقت پر ہوں گے یا نہیں۔

سینیئر سیاستدان نے پیشگوئی کی کہ اگر الیکشن ہونے ہیں تو اکتوبر یا نومبر میں ہوں گے اس دوران نہ ہوئے تو پھر نہیں ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جو عوام میں جانے اور منہ دکھانے کی پوزیشن میں ہو۔ ذرائع ابلاغ کو پابند سلاسل کر کے لوگوں کی سوچوں پر پہرے بٹھا دیے گئے ہیں۔

 

شیخ رشید نے کہا کہ جو آٹا لینے جاتا ہے، بجلی بل، بچوں کی فیس، گھر کا کرایہ دیتا ہے وہ حکومت سے بیزار ہے۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹر کو رسوا کر دیا ہے۔