شیخ حسینہ نے شہباز شریف کو آموں کا تحفہ بھیج دیا

ڈھاکہ: بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کو آم تحفے کے طور پر بھیجے ہیں۔

بنگلہ دیشی اخبار ڈھاکہ ٹربیون کے مطابق اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن نے 15 سو کلو آم پاکستانی وزارت خارجہ کے پروٹوکول افسر کے حوالے کیے۔

بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا کہنا ہے وزیراعظم کا یہ تحفہ دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔ یہ تحفہ باہمی دوطرفہ تعلقات کی ترقی کو بہتر کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان وزیر اعظم شہباز شریف نے نے ترکیہ کے صدر کو تحفے میں آم دیئے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ آپ کیلئے آموں کا تحفہ لایا ہوں،  آدھے آم بھائی کیلئے اور آدھے بہن کیلئے ہیں۔ شہباز شریف کے ایسا کہنے پر طیب اردوان اور ان کی اہلیہ بے ساختہ مسکرا اٹھے۔

ترک صدر نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے آم بہت میٹھے اور لذیذ ہوتے ہیں۔