بھارت میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل ہونے والی بارشوں سے شمال کی کئی ریاستوں میں بڑی تباہی مچی ہوئی ہے، لاکھوں افراد گھروں میں محصور ہیں جبکہ بڑی تعداد میں مکانات بھی گرگئے۔
بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں گزشتہ دو دنوں سے زائد عرصے سے مسلسل تیز بارش ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
شملہ میں بارش کی وجہ سے سڑک کا بڑا حصہ ٹوٹ کر بہہ گیا جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ یہ واقعہ پیر کو شملہ کے کوٹکھائی سب ڈویژن کے کوکنالہ میں پیش آیا۔
#WATCH | A road collapsed at Kokunala in the Kotkhai subdivision of Shimla, Himachal Pradesh.
(Video Source: Shimla Police) pic.twitter.com/STWnBkDJDJ
— ANI (@ANI) July 10, 2023
دو دنوں سے ہونے والی موسلادھار بارشوں کے بعد پلوں کے بہہ جانے کے خوفناک مناظر اور مختلف گاڑیاں جیسے کاریں، بسیں اور ٹرک کاغذ کی کشتیوں کی طرح تیرتے ہوئے مناظر سوشل میڈیا پر قدرت کے قہر کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو بیان کررہے ہیں۔
منالی سے سامنے آنے والے ایسے ہی ایک منظر میں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بڑی بس کو پانی میں تیرتے ہوئے اور کچھ ہی سیکنڈوں میں بہہ کر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
ہماچل پردیش میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی سیلاب، کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور سڑکیں، گاڑیاں اور مکانات بہہ گئے ہیں، گزشتہ شام تک ریاست میں کم از کم چھ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔