شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان مختار ساتھی اداکارہ نیمل خاور خان کی حمایت میں سامنے آگئے۔
معروف اداکار عثمان مختار نے نیمل خاور کی مبینہ کاسمیٹک سرجری پر کہا کہ ’یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا جس سے کسی دوسرے شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔‘
گزشتہ ماہ نیمل خاور کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس پر مداحوں نے الزام عائد کیا تھا کہ نیمل نے ناک کی سرجری کروائی ہے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی کہا کہ یہ سرجری نیمل کی نند فضیلہ عباسی نے کروائی ہے۔
تاہم ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے اس افواہ کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے نیمل کی سرجری نہیں کی ہے۔
اب اس معاملے پر اداکار عثمان مختار بھی نیمل خاور کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔
عثمان مختار نے کہا کہ ’ہم پورا دن سوشل میڈیا پر بیٹھ کر ذہنی صحت کی بات کرتے ہیں یہ کتنی ضروری ہے پھر اس کے بعد ایک انسان جس نے خود سے متعلق فیصلہ کیا، جو انہوں نے کیا وہ ان کا انتخاب ہے جس سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ہر کسی میں اتنی عقل ہوتی ہے کہ کسی نے کچھ کیا اور آپ کو پسند نہیں تو آپ وہ نہیں کریں گے لیکن ہم بیٹھ کر پورا دن ان کو ٹرول کررہے ہیں تو جو ذہنی صحت کا بھاشن ہم دیتے ہیں اس کا کیا فائدہ؟‘
عثمان مختار نے مزید کہا کہ ’ہمیں اس قسم کی چیزیں نہیں کرنا چاہئیں۔‘
یاد رہے کہ اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور 2019 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان کا ایک بیٹا مصطفیٰ عباسی ہے۔