ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوجائے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی مدت چودہ اگست کوختم ہوجائےگی، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈزاورقومی نصاب میں اصلاحات کا آغاز ہوگیا ، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرتعلیم نےطلبا وطالبات میں ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈزکے وظائف تقسیم کئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر کا آغاز2008 میں پنجاب سے شروع کیا تھا، نواز شریف کی قیادت میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا قیام ہوا، ڈاکٹرامجدثاقب نے1997میں پنجاب میں میرےساتھ کام کیاتھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2008میں اللہ نے موقع دیا نواز شریف کی لیڈرشپ میں پنجاب ایجوکیشن فنڈقائم کیاتھا،خواہش تھی سالانہ2 ارب انڈوومنٹ فنڈمیں اضافہ کروں، انڈوومنٹ فنڈسےبچوں کوسالانہ وظائف دیےجاتےتھے لیکن ایسےحالات بنائے جاتے تھے کہ انڈوومنٹ فنڈ بڑھانے کی کوشش ادھوری رہ جاتی تھی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ہمارے مالی مسائل اور مشکلات زیادہ ہیں ، ممکنہ حدتک مالی وسائل قوم کےبچوں پرنچھاورنہ کیےتویہ سفر ادھورا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈوومنٹ فنڈ میں رواں مالی سال میں14ارب روپےرکھےگئےہیں، ہم نےفیصلہ کیااس سال3ارب روپےکےوظائف دیے جائیں، دعا ہے الیکشن کے بعد جو بھی حکومت آئے وہ انڈوومنٹ فنڈ میں مختص کرے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج صحرا،خلیج میں چلےجائیں توعقل دنگ رہ جاتی ہے، اللہ نےبہت زیادہ دولت دی ذرخیز زمین، پہاڑ، پانی، معدنی وسائل دیے، یہاں بڑے بڑے طالبعلم بیٹھےہیں جوملک میں انقلاب لاسکتےہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آتے جاتےرہتے ہیں یہ فنڈ جاری رہنا چاہیے، اصل بات یہ ہےکہ اس فنڈکوہمیشہ قائم رہنا چاہئے، تعلیم کا فروغ سیاست نہیں عبادت ہے۔

انھوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی مدت14اگست کوختم ہوجائےگی، آئندہ انتخابات اکتوبر نومبر یا جب بھی ہونگے الیکشن کمیشن نے اعلان کرنا ہے ، بس دعاہےاگلی جوبھی حکومت آئے وہ تعلیم کوپہلی ترجیح دے۔