سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں اپنی سب سے بڑی بیٹی اور پھر سب سے چھوٹی بیٹی کی رخصتی پر سب سے زیادہ رونا آئے گا۔
بیٹیاں اللہ کی رحمت ہوتی ہیں جن سے گھروں کی رونق ہوتی ہے اور ماں باپ کی جان ان کی ایک مسکراہٹ میں چھپی ہوتی ہے۔ فطری طور پر بیٹیاں باپ سے زیادہ اُنسیت رکھتی ہیں اور ان سے ہی اپنے ناز نخرے بھی اٹھواتی ہیں۔ جب یہ باپ کے گھر سے رخصت ہوکر پیا دیس سدھارتی ہیں تو باپ کی آنکھیں بھی چھلک پڑتی ہیں جو ان سے ان سے بے لوث محبت کا اظہار ہوتی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو بھی اللہ تعالیٰ نے اپنی 5 رحمتوں سے نوازا ہے اور وہ سب ان کی لاڈلی ہیں اور ان میں سے ایک بیٹی گزشتہ ہفتے ان کے گھر سے رخصت ہوکر اپنی زندگی شروع کرچکی ہے جن کی رخصتی پر شاہد آفریدی نے جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔
ماں باپ کے لیے تمام بچے لاڈلے ہوتے ہیں لیکن کچھ ایسے ہوتے ہیں جن سے زیادہ اُنسیت ہوتی ہے تو یہی معاملہ شاہد آفریدی کے ساتھ بھی ہے۔
گزشتہ دنوں سابق کپتان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ آپ کو کس بیٹی کی رخصتی پر سب سے زیادہ رونا آئے گا۔ اس سوال کے جواب نے سننے اور دیکھنے والوں کو جذباتی کر دیا۔
شاہد آفریدی نے بلا توقف کہا کہ ’’سب سے پہلے تو بڑی بیٹی اور پھر لازمی طور پر سب سے چھوٹی بیٹی‘‘، آگے اس کی وضاحت ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے چھوٹا بچہ ماں باپ کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی 5 بیٹیاں اور تمام ہی ان کی لاڈلی ہیں اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے بیٹیوں کی رخصتی سے متعلق سوال کے جواب نے سب کو جذباتی کردیا۔
“I am the man who loved you first”
~ @SAfridiOfficial ❤️😭 pic.twitter.com/CjqDWNdgaq— hi. (@thepctvibes) July 8, 2023
اس مختصر ویڈیو کلپ کے ساتھ ہی آفریدی کی بیٹیوں کے ساتھ چند یادگار لمحات کی تصویری جھلکیاں بھی دکھائی گئیں جس کو صارفین نے بے حد سراہا ہے۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی سب سے بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی کی گزشتہ ہفتے رخصتی ہوئی ہے جب کہ اس سے چھوٹی بیٹی انشا جو فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے رواں سال فروری میں نکاح کے بندھن میں بندھی تھیں اس کی رخصتی ایشیا کپ کے بعد ہوگی۔