لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ایجنڈا فوج عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا۔
فردوس عاشق اعوان سے فزیوتھراپسٹ ینگ ڈاکٹرز کے ایک وفد نے ملاقات کی اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات میں سابق رکن اسمبلی میاں خالد بھی موجود تھے۔ وفد نے اپنے مسائل سے سیکریٹری اطلاعات کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے قول و فعل میں واضح تضاد رہا، 9 مئی پاکستان کی سیاست میں زلزلے کی مانند تھا، پاکستان کی سالمیت کے محافظوں پر حملے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے سانحے کے بعد پی ٹی آئی اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی میں کیا فرق رہ گیا؟ سیاسی جماعتیں تو ایسے اقدامات نہیں اٹھاتی جیسے پی ٹی آئی نے کیا، ان کا کہنا تھا کہ سارا پلاننگ کے تحت کیا گیا قیمت پاکستان نے ادا کی۔
اس سے قبل فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہونا چاہیے، فوجی عدالتیں ان ملزمان کے خلاف سماعت بہتر کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ شہدا کی یادگاریں زندہ قوموں کیلیے تاج محل سے بڑھ کر ہوتی ہیں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی جرم عظیم ہے، آرمی تنصیبات پر حملہ غیر معمولی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک ایسے شرپسند حملہ آوروں سے نرمی کا متحمل نہیں ہو سکتا، 9 مئی واقعہ ملکی سالمیت، امن و استحکام اور دفاعی مضبوطی سے متصادم ہے، مرکزی کرداروں اور ذمہ داروں کو انجام تک پہچانا لازمی ہے۔