پشاور: ریلویز پولیس نے پشاور کینٹ اسٹیشن میں اسلحے کی اسمگلنگ ناکام بنادی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ریلویز پولیس نے پشاور کینٹ اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے کراچی اسلحے کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادی۔
ریلوے پولیس کے مطابق ریلوےاسٹیشن پشاور کینٹ پر مشکوک شخص سے اسلحےکی بھاری کھیپ برآمد ہوئی ہے، نوشہرہ کے رہائشی ملزم شاہ زیب سے 8 پستول اور 100 گولیاں برآمد ہوئیں۔
ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی پشاور کینٹ اسٹیشن کے داخلی راستے پر ایس ایچ او تیمورخان نے تلاشی لی، ملزم نے غیر قانونی اسلحے کو بیگ کے اندر کپڑوں کے نیچے چھپایا ہوا تھا۔
ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تلاشی کے دوران ریلویز پولیس کا جعلی پولیس کارڈ بھی برآمد ہوا، ملزم خود کو ریلویز پولیس کا اہلکار ظاہر کر کے پشاور سے کراچی سفر کرنا چاہتا تھا،ملزم اسلحے کو کراچی میں فروخت کی غرض سے لے جارہا تھا۔