یونان کشتی حادثے پر حکام کے مؤقف پر نئے سوالات اٹھنے لگے، زندہ بچ جانے والوں نے انکشاف کیا کہ شہریوں کی بطور انسانی اسمگلر شناخت کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یونان میں کشتی حادثے نے کوسٹ گارڈ پر سوالیہ نشان لگا دیا، زندہ بچ جانے والوں نے بی بی سی کو بتایا یونانی کوسٹ گارڈ نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ کشتی پر سوار نو مصری شہریوں کی شناخت بطور انسانی اسمگلرکریں۔
زندہ بچ جانے والوں کا کہنا تھا کہ چودہ جون کو کشتی حادثے کے بعد نو مصری شہریوں کو حراست میں لے کر ان پر انسانی اسمگلنگ اور قتل عام کی فرد جرم عائد کی گئی۔
انہوں نےمزید بتایا یونانی حکام نے تارکین وطن کو دھمکایا، انہیں خاموش کرادیا، یونانی کوسٹ گارڈ اس حادثے کے ذمےدار ہوسکتے ہیں، کیونکہ یونانی کشتی تیزی سے چلی تو ہماری کشتی الٹ گئی۔
ساحل پر جب لوگوں نے یونانی حکام کو حادثے کا ذمے دار ٹھہرایا تو کوسٹ گارڈ نے انہیں چُپ رہنے کو کہا۔
گزشتہ ماہ ہونے والے حادثے میں پاکستانیوں سمیت بیاسی افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہوگئے تھے جبکہ اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق حادثے میں پانچ سو افراد جان سے گئے۔