نوابشاہ کے دارالامان میں 23 سالہ لڑکی پراسرار طور پر انتقال کرگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ دارالامان میں پناہ گیر لڑکی گاؤں پیجو کی رہائشی تھی، شبیراں ڈاہری کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تین روز قبل شبیراں ڈاہری کو عدالتی حکم پر دارالامان میں پناہ دی گئی تھی، شبیراں ڈاہری نے دو شادیاں کی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صدام ڈاہری نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ شبیراں اس کی بیوی ہے اور سسرال والوں نے اہلیہ کو زبردستی روک رکھا ہے۔
دوسری جانب بھائی ایاز ڈاہری کا کہنا ہے کہ بہن کو دارالامان میں زہر دے کر قتل کیا گیا ہے، بہن کی آج عدالت میں پیشی تھی ہم وہاں موجود تھے، طبیعت خرابی کی اطلاع ملی جب اسپتال پہنچے تو بتایا گیا کہ بہن انتقال کرگئی ہے۔
ایاز ڈاہری کا کہنا ہے کہ بہن آصف ڈاہری کی اہلیہ تھیں، واقعے کی جوڈیشل تحقیقات کروائی جائیں۔