لاہور : بھارت کی جانب سے دریاوں میں پانی چھوڑے جانے کے بعد آبی ریلے نے قصور اور اوکاڑہ میں تباہی مچادی، متعدد دیہات زیر آب آگئے اور فصلیں ڈوب گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے پانی سے پنجاب کےدریاؤں میں ہلچل مچ گئی ، جس کے باعث کئی دیہات زیر آب آگئے اور ہزاروں ایکڑپر فصلیں تباہ ہوگئیں۔
قصورمیں دریائےستلج میں پانی کی سطح کم ہونےلگی ہے اور گنڈا سنگھ کے مقام پر سترہزار کیوسک کاریلا گزرہاہے جبکہ ملحقہ دیہات زیرآب ہیں اور لوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کیا جارہا ہے۔
حویلی لکھا کے مقام پر دریائےستلج میں پانی کا دباؤبڑھنے سے چک جودھے کا بند ٹوٹ گیا ہے ، جس کے باعث چھ بڑے دیہات ڈوب گئے اور ہزاروں ایکڑرقبہ پرکھڑی فصلیں بربادہوگئیں۔
رنگ پور میں دریائے چناب سے سوا لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، بہاؤ میں اضافے سے دریا کا کٹاؤ بڑھ گیا ، جس سے حفاظتی سپربند اور نشیبی بستیاں متاثرہیں اور علاقہ مکین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
دریائےستلج کےپانی سےچونیاں کےسرحدی دیہات بھی متاثرہوئےہیں، رکن پورہ کےمقام پرسیلاب کی صورتحال کے پیش نظرضلعی انتظامیہ الرٹ ہے۔
پھول نگرمیں دریائے راوی ہیڈ بلوکی کےمقام پر پانی کےبہاؤمیں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں اور تین دن میں ستائیس ہزار افراد کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔