چیئرمین پی ٹی آئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش، تسلی بخش جوابات نہ دے سکے

چیئرمین پی ٹی آئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش، تسلی بخش جوابات نہ دے سکے

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق 6 مقدمات میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی عمران کشور سربراہی کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ جے آئی ٹی میں پیش ہوئے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ سرور روڈ، نصیر آباد، ماڈل ٹاؤن، تھانہ ریس کورس، شادمان اور گلبرگ میں مقدمات ہیں۔ سابق وزیر اعظم تمام مقدمات میں عبوری ضمانت پر ہیں۔

جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 9 مئی واقعات سے متعلق سوالات کیے اور انہیں کچھ ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ 8 مارچ اور 9 مئی کو زمان پارک سے آپریٹ روابط کے شواہد دکھائے گئے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی جے آئی ٹی کے سوالات پر تسلی بخش جوابات نہ دے سکے۔ ان کے جوابات اور بیان تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنالیے گئے۔

دوسری جانب اسد عمر بھی شاہ محمود قریشی کے ہمراہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ دونوں رہنماؤں نے تحقیقات ٹیم کے سامنے بیان ریکارڈ کروا دیا اور روانہ ہوگئے۔

اسد عمر اور شاہ محمود قریشی جے آئی ٹی کے سامنے اس سے قبل بھی ایک بار پیش ہو چکے ہیں۔