عالیہ بھٹ جاسوس پولیس اہلکار کے کردار میں نظر آئیں گی

عالیہ بھٹ جاسوس پولیس اہلکار کے کردار میں نظر آئیں گی

ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ آئندہ سال یش راج فلمز کے ایک پروجیکٹ میں جاسوس پولیس اہلکار کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آدتیہ چوپڑا عالیہ بھٹ کے ساتھ خاتون پولیس اہلکار کی جاسوسی پر مبنی ایک فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سے قبل یش راج فلمز میں جاسوس کا کردار کترینہ کیف اور دپیکا پڈوکون نبھا چکی ہیں۔

یش راج فلمز ’پٹھان‘ اور ‘وار‘ کی کامیابی کے بعد اب اپنے 8ویں پروجیکٹ کی تیار میں مصروف ہے جس کیلیے عالیہ بھٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اس سے قبل عالیہ بھٹ نے یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’راضی‘ میں جاسوس لڑکی کا کردار بخوبی نبھایا تھا۔

دوسری جانب عالیہ بھٹ نے حال ہی میں ہالی وڈ ڈیبیو کیا ہے وہ فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ کی ریلیز کا انتظار کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بہت جلد اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ کرن جوہر کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں مرکزی کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گی۔

یش راج فلمز نے 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے نام سے جاسوسی پر مبنی فلم ریلیز کی تھی جس میں سلمان خان اور کترینہ کیف مرکزی کردار نبھاتے ہوئے نظر آئے تھے۔ 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے نام سے اس فلم کا سیکوئل ریلیز کیا گیا تھا۔

2019 میں یش راج فلمز نے ہریتک روش اور ٹائیگر شروف کو لے کر فلم ’وار‘ بنائی تھی لیکن اس میں ٹائیگر شروف کے کردار کو خاطر خواہ پذیرای نہیں ملی۔

رواں سال یش راج فلمز نے سُپر اسٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کو لے کر فلم ’پٹھان‘ ریلیز کی جس نے انڈسٹری میں پچھلے تمام ریکارڈ پاش پاش کر دیے۔