گال ٹیسٹ، شاہین شاہ کا جادو چل گیا، سری لنکا کے 4 وکٹوں پر 58 رنز

پاک سری لنکا دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں کھانے کے وقفے تک میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 58 رنز بنا لیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک سری لنکا دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں کھانے کے وقفے تک میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 58 رنز بنا لیے ہیں جب کہ میچ کے دوران بارش کی دخل اندازی بھی جاری ہے۔

آج صبح سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ابتدا ہی میں اسے اوپنر نشان مدھوشکا کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا جس کو اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سرفراز احمد کی مدد سے پویلین بھیج دیا۔ اس وقت آئی لینڈرز کا مجموعی اسکور صرف 6 رنز تھا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کرلی۔

اس موقع پر بارش نے میدان کا رخ کیا جس کے باعث میچ روک دیا گیا، بارش رکنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی طوفانی بولنگ کے سامنے نئے آنے والے کھلاڑی بھی ٹک نہ سکے۔ فاسٹ بولر نے پہلے کوشل میڈس کو 12 کے مجموعے پر چلتا کیا اس کے بعد کپتان دیموتھ  کارونارتنا کو آؤٹ کیا۔

شاہین شاہ کے جادو جگانے کے بعد دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے دنیش چندی مل کو ہاتھ کھولنے سے قبل ہی بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ کراکے لنکن بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔