گال ٹیسٹ کا پہلا دن، سری لنکن بیٹنگ ابتدائی دھچکوں کے بعد سنبھل گئی

گال ٹیسٹ میں سری لنکن بیٹنگ ابتدائی دھچکوں کے بعد سنبھل گئی اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا لیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک سری لنکا دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے گال میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں میزبان آئی لینڈرز کی ٹیم ابتدائی دھچکوں کے بعد سنبھل گئی اور پہلے سیشن میں چار وکٹیں گنوانے کے باوجود کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا لیے ہیں۔

آج سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ابتدا ہی میں اسے اوپنر نشان مدھوشکا کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا جس کو اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سرفراز احمد کی مدد سے پویلین بھیج دیا۔ اس وقت آئی لینڈرز کا مجموعی اسکور صرف 6 رنز تھا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کرلی۔

اس موقع پر بارش نے میدان کا رخ کیا جس کے باعث کچھ دیر کے لیے میچ روک دیا گیا، بارش رکنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی طوفانی بولنگ کے سامنے نئے آنے والے کھلاڑی بھی ٹک نہ سکے۔ فاسٹ بولر نے پہلے کوشل میڈس کو 12 کے مجموعے پر چلتا کیا اس کے بعد کپتان دیموتھ کارونارتنا کو آؤٹ کیا۔

شاہین شاہ کے جادو جگانے کے بعد دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے دنیش چندی مل کو ہاتھ کھولنے سے قبل ہی بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ کراکے لنکن بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ 54 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد سری لنکا کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ناکام ثابت ہونے لگا تاہم اس موقع پر تجربہ کار انجلیو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا کے درمیان 141 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ ہوئی جس نے آئی لینڈرز کی بیٹنگ کو سنبھالا دیا۔

اس پارٹنر شپ کو 185 کے مجموعے پر ابرار احمد نے میتھیوز کو آؤٹ کرکے توڑا۔ سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے ان کا کیچ پکڑا انہوں نے 64 رنز کی اننگ کھیلی۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا لیے تھے۔ اپنی ٹیم کو نازک صورتحال سے باہر لانے والے دھننجایا ڈی سلوا 89 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں جب کہ سدیرا سمارا وکرما نے 25 رنز بنا رکھے ہیں۔ مذکورہ ٹیسٹ آئی سی سی چیمپئن شپ کے تیسرے سائیکل کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ بارش کھیل کے رنگ میں بھنگ ڈال سکتی اور پہلے ٹیسٹ کا مزا کرکرا کر سکتی ہے کیونکہ سری لنکن محکمہ موسمیات کے مطابق ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن بارش کا امکان ہے جب کہ آخری روز بارش کا امکان 60 فیصد ہے۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم (کپتان) عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، سرفراز احمد، سعود شکیل، آغا سلمان، نعمان علی، نسیم شاہ، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی۔

سری لنکا کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

کوشل مینڈس، انجیلو میتھوز، دھننجیا ڈی سلوا، دنیش چندی مل، دیموتھ کارونارتنا، سدیرا سمارا وکرما، رمیش مینڈس، پرباتھ جے سوریا، وشوا فرنینڈو اور کاسون راجیتھا۔