کراچی: وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پہلا وزیراعظم ہے جسے آئینی طریقے سے گھر بھیجا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ تاریخ میں ہمیشہ وزرائے اعظم کو غیرآئینی طریقوں سے ہٹایا گیا، بھٹو کو پھانسی دی گئی، نواز شریف کو نااہل کیا گیا، ہم نے آئینی طریقے سے اس شخص کو سیٹ سے ہٹایا۔
قادر پٹیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی حکومت جانے کے بعد کہتا تھا کہ امریکا نے نکالا، گزشتہ دور حکومت کے چار سال کوئی ایک کام بتادیں، ہمیں معلوم تھا بعد میں حالات مزید خراب ہوں گے اور مشکل حالات کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اگر مزید رہتا تو پاکستان کا اور نقصان کرتا، پی ٹی آٗئی نے چار سال میں کوئی منصوبہ نہیں بنایا صرف پروپیگنڈا کیا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو تباہ کیا، جلاؤ گھیراؤ کی تربیت دی۔
وزیر صحت نے کہا کہ کے ایم سی سے ایک عمارت لی ہے جس کو ٹراما سینٹر میں تبدیل کریں گے، یونیورسٹی کے لیے بھی 200 ایکڑ زمین منظور کروالی ہے۔