ارجنٹینا کو فیفا ورلڈ کپ جتوانے والے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے انٹرمیامی کلب کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔
سوشل میڈیا پر انٹرمیامی کلب کی جانب سے لیونل میسی کی 10 نمبر کی شرٹ پہنے ہوئے ویڈیو شیئر کی بعدازاں کلب نے تصدیق کی کہ میسی دسمبر 2025 تک انٹر میامی کلب سے کھیلیں گے۔
لیونل میسی نے کہا کہ ’میں انٹرمیامی اور امریکا میں اپنے کیریئر کا اگلا مرحلہ شروع کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔‘
اسٹار فٹبالر نے کہا کہ یہ ایک شاندار موقع ہے اور ہم اس خوبصورت سفر کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں، انٹرمیامی کلب کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔
واضح رہے کہ میسی 21 جولائی کو میکسیکو کے کروز ازول کے خلاف لیگ کپ کے میچ میں انٹرمیامی کے لیے اپنا ڈیبیو کریں گے۔
BIENVENIDO 1️⃣0️⃣ pic.twitter.com/df1TJQQoYv
— Inter Miami CF (@InterMiamiCF) July 15, 2023
یاد رہے کہ جون میں میسی نے اعلان کیا تھا کہ وہ پی ایس جی چھوڑ کر فلوریڈا تنظیم میں شامل ہورہے ہیں جس کی جزوی طور پر ملکیت سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکھم کے پاس ہے۔
میسی کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر کے آخری مرحلے سے لطف اندوز ہونے کا منتظر ہوں، گزشتہ دسمبر میں میسی نے قطر میں منعقدہ فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ورلڈ چیمپئن بنایا تھا۔