100 وکٹوں پر شاہین آفریدی کو ٹیم کا خراج تحسین، رضوان کی منفرد انداز میں مبارکباد

شاہین شاہ آفریدی کو 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے پر ٹیم نے خراج تحسین جب کہ محمد رضوان سے دلچسپ انداز میں مبارک باد پیش کی۔

قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کی اور اس واپسی پر تین اہم وکٹیں حاصل کیں تاہم سب سے قیمتی لمحہ وہ تھا جب انہوں نے اپنے دوسرے ہی اوور میں میزبان ٹیم پہلی وکٹ نشان مدھوشاکا کو آؤٹ کرکے حاصل کی تو یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 100 ویں یعنی سنچری وکٹ تھی۔

شاہین شاہ آفریدی کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر ٹیم اراکین نے خراج تحسین پیش کیا اور پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر ڈریسنگ روم میں اسٹار فاسٹ بولر کو سرخ گیند سے بنا سووینیئر پیش کیا جس کی خاص بات یہ تھی کہ گیند پر ان کی وکٹوں کی تعداد درج تھی۔

یہ سووینیئر ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے پیش کیا اور شاہین شاہ آفریدی کے لیے دعائیہ کلمات کہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

 

اس موقع پر کپتان بابر اعظم نے محمد رضوان سے شاہین شاہ کو پشتو زبان میں مبارک باد دینے کی فرمائش کی جس پر محمد رضوان نے پشتو زبان میں فاسٹ بولر کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔

ان یادگار لمحات کی ویڈیو کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پیج پر بھی شیئر کیا ہے جس کو کرکٹ شائقین بے حد سراہ رہے ہیں۔ محمد رضوان نے اپنے اکاؤنٹ سے بھی شاہین شاہ کے لیے پشتو زبان میں تہنیتی ٹویٹ کی ہے۔

 

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ شاہین شاہ آفریدی جب 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کر کے کھیل کے پہلے دن کے اختتام پر ڈریسنگ روم واپس آ رہے تھے کہ شائقین کرکٹ نے انہیں گھیر لیا اور مبارکباد دی اس موقع پر بولر نے ان کے ساتھ بھی جشن منایا اور تصاویر اور سیلفیز بنوائیں۔