بجلی صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری

بجلی کے نئے نرخ

اسلام آباد : ملک بھر میں بجلی ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بری خبر آگئی ، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر دی۔

نیپرا اتھارٹی 26 جولائی کو درخواست پر سماعت کرے گی، درخواست میں بتایا گیا جون میں 13 ارب 32 کروڑ 70 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جون کے لیے ریفرنس لاگت 7 روپے 50 پیسے پی یونٹ مقرر تھی۔

سی پی پی اے کا کہنا تھا کہ جون میں بجلی کی فی یونٹ پیداوار 9 روپے 39 پیسے فی یونٹ رہی، جون میں پانی سے 30. 14 ، کوئلے سے 17.75 فیصد ، ہائی اسپیڈ ڈیزل سے 0.07 اور مہنگے فرنس آئل سے 5.43 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت 30 روپے 45 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ درآمدی ایل این جی سے 18.55فیصد جوہری ایندھن سے 13.54 فیصد بجلی پیدا کی گئی ، جوہری ایندھن سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت 1 روپے 7 پیسے فی یونٹ رہی۔