ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کا سید نور سے متعلق دلچسپ انکشاف

ٹک ٹاکر سے فلم اسٹار تک کا کامیاب سفر کرنے والی جنت مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی آفر سے قبل وہ سید نور کے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھیں۔

ٹک ٹاک سے شہرت حاصل کرنے والی جنت مرزا نے اے آر وائی نیوز کے مقبول مارننگ شو ’’گڈ مارننگ پاکستان‘‘ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ٹک ٹاکر سے فلم اسٹار بننے تک کے سفر کا احوال سنانے کے دوران یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ فلم کی آفر ہونے سے قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار سید نور کو نہیں جانتی تھیں۔

ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا جنہوں نے بہت کم وقت میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا ہے اور ٹک ٹاک پر ان کے فالوررز کی تعداد بہت زیادہ ہے اب نامور ہدایت کار سید نور کی نئی فلم میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ اپنے اس نئے کیریئر سے متعلق گفتگو کی اور سید نور کو احتراماً نور انکل کہتی رہیں۔

جنت مرزا نے بتایا کہ سید نور نے ان کی ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھ رکھی تھیں اور ان کے پاس ایک سید نور کے منیجر کی اظہر کی کال آئی اور انہوں نے فون سید نور کو دیا جنہوں نے مجھ سے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ میں سید نور بات کر رہا ہوں کیا آپ مجھے جانتی ہو، کیونکہ میں انہیں نہیں جانتی تھی اس لیے صاف کہہ دیا کہ میں آپ کو نہیں جانتی۔

 

ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ ان کے اس جواب پر سید نور نے کہا کہ جاؤ گوگل پر سرچ کرو جب میں سرچ کیا تو پتہ چلا کہ وہ تو پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار ہیں جن کے کریڈٹ پر چوڑیاں سمیت کئی سپرہٹ فلمیں ہیں جب میں اپنے والدین سے ان کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بھی بتایا کہ وہ لالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار ہیں۔

جنت مرزا بتاتی ہیں کہ اس کے بعد میں نے انہیں فون کیا اور معذرت کی۔ اس موقع پر سید نور نے مجھے فلم میں کام کرنے کی آفر کی لیکن مجھے معلوم تھا کہ میرے ماما پاپا منع کر دیں گے، پھر بھی والدین سے بات کی جب ماما پاپا نے منع کیا تو میں نے سید نور سے معذرت کرلی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ صائمہ کے ساتھ خود ان کے والدین سے ملنے گھر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سید نور اپنی اہلیہ اور معروف فلم اسٹار صائمہ کے ساتھ ہمارے گھر آئے اور ماما پاپا سے ملے۔ انہیں یقین دلایا کہ فلم میں کوئی ڈانس یا قابل اعتراض سین نہیں ہوگا۔ سمجھیں جنت میری بیٹی کی طرح ہے۔

جنت نے بتایا کہ سید نور کی یقین دہانیوں پر والدین اس کے فلم کرنے پر راضی ہوئے اور جب وہ فلم کرنے گئی تو سید نور نے بالک باپ کی طرح ان کا خیال رکھا جب کہ صائمہ نے بھی ان کی بہت رہنمائی اور مدد کی۔