خیبر پختونخوا میں 6 ماہ میں کتنے دہشتگرد مارے اور پکڑے گئے؟

خیبر پختونخوا میں رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 158 دہشتگرد اور اشتہاری ملزمان مقابلوں میں مارے گئے جب کہ 434 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کی رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق 158 دہشتگرد اور اشتہاری پولیس مقابلوں میں مارے گئے جب کہ 434 کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 26 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت بھی مقرر تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان 6 ماہ کے دوران 144 پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت بھی نوش کیا۔

پولیس حکام کے مطابق اس دوران صوبے بھر میں 8 ہزار سے زائد ریسرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز بھی کیے گئے جن میں 36923 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں مختلف اقسام کا 7414 اسلحہ اور ایک لاکھ 79 ہزار 873 کارتوس بھی برآمد کیے۔

پولیس نے اسی مدت کے دوران اسنیپ چیکنگ میں 42910 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا۔