گال ٹیسٹ، سری لنکا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلیے 135 رنز درکار

گال ٹیسٹ تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، سری لنکا نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنالیے۔

گال ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں پاکستان کے 461 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنالیے ہیں، میزبان ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 135 رنز درکار ہیں۔

نشان مدھوشکا 8 اور دیموتھ کرونا رتنے 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں سعود شکیل کے شاندار ڈبل سنچری کی بدولت 461 رنز بنائے تھے اور قومی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 149 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

سعود شکیل نے 208 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی وہ سری لنکا میں ڈبل سنچری اسکور کرنے پر پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے، ان کی شاندار اننگز میں 19 چوکے شامل تھے۔

101 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان نے شاندار کم بیک کیا، آغا سلمان 81 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سعود شکیل اور آغا سلمان کے درمیان چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی شراکت بنی۔

کپتان بابر اعظم 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شان مسعود 39 رنز پر پویلین لوٹ گئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد 17 رنز پر جے سوریا کا نشانہ بنے۔

سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے پانچ اور جے سوریا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، دھننجیا ڈی سلوا نے 122 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اینجلو میتھیوز 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین، تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔