لاہور: استحکام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ’شاہین‘ کا انتخابی نشان مانگ لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی ہے اور انتخابی نشان کے لیے بھی درخواست جمع کروائی گئی ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ’شاہین‘ کا انتخابی نشان مانگا ہے۔
آئی پی پی کے چیئرمین جہانگیر ترین، علیم خان صدر ہوں گے، علیم خان کے دستخط سے دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن میں آئی پی پی کی جانب سے پارٹی منشور اور پارٹی عہدیداروں کا ڈیکلریشن بھی جمع کروایا گیا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے سیکریٹری جنرل عامر کیانی ہوں گے، عون چوہدری ایڈیشنل سیکریٹری جنرل جبکہ فردوس عاشق اعوان کا مرکزی سیکریٹری اطلاعات کا ڈیکرلیشن جمع کروایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے اہل سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات حاصل کرنے کےلئے درخواستیں مانگ لی ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مختص کئے گئے انتخابی نشانات میں سے کسی ایک انتخابی نشان کے حصول کے لئے پارٹی سربراہ کی دستخط شدہ درخواستیں 19 جولائی تک جمع کروائی جائیں۔