گال ٹیسٹ، پاکستان کو جیت کے لیے 83 رنز درکار

گال ٹیسٹ

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان کو جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار ہیں۔

گال ٹیسٹ میں چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 131 رنز کے تعاقب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنالیے ہیں اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار ہیں، امام الحق 25 اور کپتان بابر اعظم 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

دوسری اننگز کے آغاز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گری جب عبداللہ شفیق 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شان مسعود 7 رنز بنا کر جے سوریا کا نشانہ بنے جبکہ نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز پر آؤٹ ہوئے اور پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکا کے پہلی اننگز کے سنچری میکر دھنن جیا ڈی سلوا نے دوسری اننگز میں بھی 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، نشان مدھوشکا 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ رمیش مینڈس 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور آغا سلمان دو، دو وکٹیں حاصل کرسکے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 461 رنز بنائے تھے جبکہ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بناسکی تھی۔