لندن سے چوری لگژری گاڑی سے متعلق حکم سنا دیا گیا

لندن سے چوری 35کروڑ مالیت کی لگژری گاڑی بلغارین سفارتخانےکے سپرد کی جائے گی۔ سفارتخانے کے انکار کی صورت میں گاڑی وزارت خارجہ کے سپرد کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

کسٹم ٹریبونل نےحوالگی کا حکم مقدمے میں نامزد افراد کی اپیل مسترد کرتے ہوئے جاری کیا ہے۔ حکم میں گاڑی سپرد کرنے کیلئے برطانوی ایجنسی کے علم میں لانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

کسٹم ٹریبونل کا کہنا ہے کہ گاڑی چوری کر کے پاکستان منتقل کرنے والوں کے حوالے نہ کی جائے۔

بینٹلےکار ستمبر 2022 میں برطانوی ایجنسی کی اطلاع پر ڈیفنس فیز 2 سے برآمد کی گئی تھی۔ برطانوی ایجنسی کے مطابق کار لندن سےچوری کے بعد کراچی منتقل کی گئی تھی۔

مقدمے میں نامزدملزمان کےمطابق گاڑی بلغارین سفارتخانے کےنام پرمنتقل کی گئی۔ برآمدگی کےوقت گاڑی پر کراچی کی رجسٹریشن نمبر کی پلیٹ بھی موجود تھی۔ بنگلے کے مالک سے دستاویزات مانگنے پر وہ فراہم کرنے سے قاصر رہا تھا۔