کمسن ملازمہ پر تشدد، خاتون پائلٹ کی پڑوسیوں نے درگت بنادی، ویڈیو وائرل

بھارت میں کمسن گھریلو ملازمہ سے بدسلوکی کے الزام میں پڑوسیوں نے خاتون پائلٹ اور اس کے شوہر کی درگت بنادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں انڈیگو کی خاتون پائلٹ پورنیما باغچی اور ان کے شوہر کوشک باغچی کو پڑوسیوں نے کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے پر پٹائی کردی۔

خاتون پائلٹ کو شوہر بچانے آیا تو اسے بھی پڑوسیوں نے مارا، انڈیگو کی باوردی خاتون پائلٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پڑوسیوں کی جانب سے خاتون پائلٹ اور اس کے شوہر کی پٹائی کی جارہی ہے جبکہ ایک ویڈیو میں متاثرہ بچی کی آنکھوں کے پاس زخم واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کوشک باغچی اور پورنیما باغزی کو بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون انڈیگو ایئرلائن میں پائلٹ ہے جبکہ اس کا شوہر دوسری ایئرلائن میں گراؤنڈ اسٹاف کے طور پر کام کرتا ہے۔

دوسری جانب ترجمان انڈیگو ایئرلائن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو سے واقف ہیں جس میں ایئرلائن ملازم کی خاتون شامل ہیں، معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔